اپوزیشن جماعتوں کا قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کا فیصلہ


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے 16 رکنی کمیٹی بنائی ہے جو آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

اسلام آباد میں ایاز صادق کی رہائش گاہ  پر مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم  پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو آرام  سے بیٹھنے نہیں دیں گے اور ہم تحریک انصاف کو بتائیں گے کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے، اس بار تمام جمہوری پارٹیوں کا اتحاد ہوا ہے۔

اس سے پہلے اے پی سی میں عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون، متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے )، عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی )، نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

اے پی سی میں شامل تمام جماعتوں نے قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان بھی کیا، اجلاس میں وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔


متعلقہ خبریں