بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، پاکستان کا شدید احتجاج

فائل:فوٹو


اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی پاکستانی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل  کے مطابق بھارتی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی فوج نے پاکستانی حدود میں مینڈل سیکٹر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک خاتون شہید ہوگئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج نہتے شہریوں کو بلا وجہ نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی تعداد 1400 ہو گئی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو کام کرنے کا موقع  دے۔

12 جون کو راولاکوٹ  ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 45 سالہ شہری شہید ہوگیا تھا جبکہ مئی میں بھی بھارتی فوج کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں