حکومت سازی کے لیے ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی میں معاہدہ


اسلام آباد: وفاق میں حکومت سازی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس کا اعلان ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور شہر قائد  کے لیے خصوصی مالیاتی پیکج دیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی اور آمدورفت کے مسائل پہلے جیسے ہی ہیں، سندھ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کی کوشش کریں گے، اس بار تعلیم کے لیے زیادہ بجٹ دیں گے، حیدرآباد میں یونیورسٹی بھی قائم ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن سے حلقے کھولنے کی پیشکش کی ہے، ہم نون لیگ کی طرح نہیں جنہوں نے بار بار تقاضوں کے باوجود بھی 4 حلقے نہ کھولے۔

ایم کیوایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی میں جو کچھ طے پایا ہے وہ جمہوریت کے تقاضے ہیں، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، امید ہے وہ بھی ہمارے مینڈیٹ کا احترام کریں گے، ذاتی مفادات کے بجائے پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابی عمل پر شکوک و شبہات ہیں، حلقے کھولنے کے لیے بھی تحریک انصاف ہمارا ساتھ  دے گی، سندھ میں مردم شماری کے لیے پی ٹی آئی نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ اختیارات نچلی سطح  تک لے جائیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ  کے شہری علاقوں کی ضروریات پوری کرنے پر توجہ دینے  پر بھی اتفاق ہوا ہے،  خود مختار بلدیاتی نظام کے لیے مل کرجدوجہد کریں گے جبکہ کراچی آپریشن کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں