عمران کے حلف سے پہلے ہی مخالفین رونے لگے، شیخ رشید


اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ابھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حلف بھی نہیں لیا اور مخالفین رونے لگ گئے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو حکومت کے بغیر نہیں رہ سکتے۔

شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم  نوازشریف سوچتے تھے کہ جیل جائیں گے تو ووٹوں کے ڈبے بھرجائیں گے لیکن اب جب عمران خان حلف لیں گے تو نون لیگ میں فارورڈ بلاک بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تن تنہا ہی دو صوبوں میں مسلم لیگ نون کو شکست دی ہے، عمران خان ملک کی ضرورت ہیں اور وہ عام آدمی کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مسائل پر از سر نو غور کرے  کیونکہ عمران خان کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے سے ملک کو نقصان ہو گا اور یہ وہی لوگ ہیں جو جمہوریت کے راستے میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیر کے روز وفاقی کابینہ اور وزرائے اعلیٰ کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا، یہ سب نام میرے پاس موجود ہیں لیکن میں عمران خان کی امانت میں خیانت نہیں کرسکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 60  پر راشد شفیق تحریک انصاف کے نشان پر انتخاب لڑیں گے، اس نشست پر انہوں نے اپنے کاغذات جمع کرائے تھے لیکن مسلم لیگ نون کے امیدوار حنیف عباسی کو سزا سنائے جانے کے بعد انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی بھی چیز حرف آخر نہیں، سیاست میں کچھ  بھی ہوسکتا ہے اور میں بلاول بھٹو زرداری سے ملنے بھی جا سکتا ہوں۔


متعلقہ خبریں