جام کمال وزیراعلیٰ بلوچستان کے امیدوار نامزد


کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے امیدوار نامزد کر دیا ہے جبکہ عبدالقدوس بزنجو اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے امیدوار ہوں گے۔

جام کمال کی زیر صدارت بی اے پی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، میر جان محمد جمالی، سردار صالح محمد بھوتانی سمیت تمام  نو منتخب اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی نامزدگی اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی، جام کمال نے اجلاس کے شرکا کو پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں سے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں جام کمال نے بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر اور وزرا کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم بلوچستان کے حوالے سے صوبے کے  وسیع تر مفاد میں بہتر فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے اپنے طور پر جام کمال کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا تھا جس پر تحریک انصاف بلوچستان، بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) مینگل گروپ اور بلوچستان عوامی پارٹی نے سخت ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

تحریک انصاف بلوچستان اور بلوچستان کی دیگر قوم پرست جماعتوں کا مؤقف ہے کہ بلوچستان کی قیادت کو منتخب کرنا صوبائی قیادت کا حق ہے اور جہانگیر ترین کی جانب سے جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے نامزد کرنا درست نہیں۔


متعلقہ خبریں