’پرواز ہے جنوں’ اب انگلینڈ کی فضاؤں میں


لندن:  مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘پرواز ہے جنوں’ کی ٹیم امریکہ اور کینیڈا میں کامیاب تشہیری مہم کے بعد انگلینڈ پہنچ گئی ہے۔

 تشہیری ٹیم میں مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز اور ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) درید قریشی کے علاوہ فلم اسٹار حمزہ علی عباسی، احد علی میر، کبریٰ خان، ہانیہ عامر اور شاز خان بھی شامل ہیں۔


فلم کی مرکزی کاسٹ نے تشہیری مہم سے پہلے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو بھی کی اور فلم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات کی۔

اس سے قبل نیو یارک کے بامبے تھیٹر میں فلم کی مرکزی کاسٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے کہا کہ کہ ان کے ڈرامے اور فلمیں حقیقت سے قریب ہونے کی وجہ سے عوام میں مقبول ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والے ڈراموں اور فلموں کی کامیابی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنے والی  پروڈکشن ٹیم اور فن کاروں سمیت ہر شخص لگن، محنت اور جنوں سے کام کرتا ہے۔

فلم کے مرکزی کردار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ‘پرواز ہے جنوں’ عام  فلمی تصورات کے برعکس ہیرو کو ‘سپر ہیومن’ بنا کر پیش نہیں کرے گی، ان کے کردارمیں عام انسان کی طرح خامیاں موجود ہیں، اس میں دکھایا گیا ہے کہ ہیرو بھی ایک عام انسان ہی ہوتا ہے، اس کے بھی عام انسان جیسے جذبات ہوتےہیں، اسے بھی درد ہوتا ہے اور ڈر لگتا ہے۔

’پرواز ہے جنوں‘ کی پرواز کینیڈا میں ایک تعارفی تقریب سے شروع ہوئی جسے مقامی افراد کے علاوہ شائقین فلم کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا گیا تھا۔

مسی سگا اور نیویارک میں ’پرواز ہے جنوں‘ اپنا جادو جگانے میں کامیاب رہی  جبکہ مداحوں سے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

مسی سگا کی میئر نے تقریب کے دوران ناصرف بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا بلکہ فلم اور اس سے متعلق افراد اور اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

مسی ساگا کی میئر ’پرواز ہے جنوں‘ کی تقریب کے دوران

ریلیز سے قبل ہی مداحوں کو اپنا اسیر بنا لینے والی فلم کا ٹریلر جاری کیا جا چکا ہے جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے جبکہ ٹوئٹر، انسٹا گرام اور فیس بک پر بھی ’پرواز ہے جنوں‘  کا ہی ٹرینڈ چل  رہا ہے۔

ایکشن، رومانس اور حب الوطنی سے بھر پور فلم ‘پرواز ہے جنوں’ عید قرباں کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں