احمد شہزاد سینٹرل کنٹریکٹ کے بعد کپتانی سے بھی گئے


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کو پے در پے دوسرے بڑے بحران کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کیے جانے کی خبروں کے بعد اب انہیں اپنے ڈپارٹمنٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی  ہاتھ دھونا پڑ گیا ہے،  شہزاد کو 2016 کی قائد اعظم ٹرافی کے دوران حبیب بینک لمیٹد (ایچ بی ایل)  ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔

شہزاد اس وقت پی سی بی کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے پابندی کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں بھرپور فارم میں ہونے کے باوجود دورہ زمبابوے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

مسلسل کوششوں کے باوجود قومی ٹیم میں جگہ نہ بننے کے بعد ان کا نام فی الحال قائداعظم ٹرافی کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں  کی فہرست سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے اور 57 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 3 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں، ایک روزہ کرکٹ میں 6 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں جبکہ ٹی ٹوینٹی میں ایک سنچری اور 7 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔


متعلقہ خبریں