ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس کی تقریبات


اسلام آباد: ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئیں۔

لاہور کے مال روڈ میں یادگار شہدا پر شہید پولیس اہلکاروں کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

آئی جی پنجاب کلیم امام نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں نے پوری فورس کے حوصلوں کو بلند کیا ہے، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔

آئی جی پنجاب نے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پولیس افسران کی دو دن اور دیگر اہلکاروں کی ایک دن کی تنخواہ  ڈیمز فنڈ  اکاؤنٹ  میں جمع کرانے کا اعلان کیا۔

کراچی میں مزار قائد پر یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہدا کے اہلخانہ سمیت پولیس افسران اور کراچی پولیس چیف نے شرکت کی، تقریب میں شمعیں روشن کرکے شہدائے پولیس کو سلام پیش کیا گیا۔

تقریب سے کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال شہید پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لیے سندھ پولیس کے جوان پودے لگائیں گے۔

گوجرانوالہ پولیس لائنز میں بھی یوم شہدا کے حوالے سے شمعیں روشن کی گئیں اور ننے منے بچوں نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا، تقریب میں شہدا کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

تقریبات میں موجود شہدا کے اہلخانہ بھی بلند عزم و حوصلے کی مثال بنے رہے مگر وطن کی محبت اور جانثاری پر مشتمل ملی نغمے سنے تو آنکھیں بے اختیار اشک بار ہوگئیں۔


متعلقہ خبریں