یوم شہدائے پولیس: وطن پر جاں وارنے والوں کیلیے خراج عقیدت

چار اگست شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے جس کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

لاہور کے مال روڈ میں یادگار شہدا پر فرض کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کلیم امام کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں نے پوری فورس کے حوصلوں کو بلند کیا ہے، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے سربراہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر چیف ٹریفک  آفیسر(سی ٹی او) لیاقت ملک نے لاہور کے کیولری گراؤنڈ شہدا قبرستان میں حاضری دی۔ انہوں نے شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی.

کیپٹن(ر) احمد مبین لاہور کے مال روڈ پر دہشت گردی کے ایک واقعہ میں شہید ہو گئے تھے۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پرکیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ اور دیگر شہدائے پولیس کے ورثا کی بڑی تعداد نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی۔

لاہور میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملک اویس نے کوٹ لکھپت میں شہید سب انسپکٹر منظور کی قبر پر حاضری دی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ملک اویس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے 305 جوانوں نے اس شہرکے امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا خون بہایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہداء امن قائم رکھنے کے لیے تجدیدعہدکادن ہے۔

یوم شہدائے پولیس کے سلسلہ میں پولیس لائن میں اسلام آباد میں تقریب منعقد کی گئی جہاں آئی جی اسلام آباد سمیت تمام سینیر افسران نے شرکت کی۔

آئی جی اسلام آباد نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔ تقریب میں تمام شہداء پولیس کے اہلخانہ بھی مدعو کیے گئے تھے۔ اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی نہیں بھولے گی، آپ ان شہداء کے وارث ہیں جنہوں نے اس ملک کیلیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

اسلام آباد پولیس کے شہداء کے لیے بلندی درجات کی دعا کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے شہداء کے لیے بلندی درجات کی دعا کی جا رہی ہے۔

پشاور میں شہید کمانڈنٹ ایف سی صفت غیور سمیت دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور پولیس، ایف سی کے دستوں نے سلامی پیش کی۔

فرنٹئیر کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ صفت غیور چار اگست کو خودکش حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے 1300 اور ایف سی کے 354 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

تقریب میں ائی جی خیبرپختونخوا پولیس محمد طاہر اور ایف سی حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی زکریا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وطن کی خاطر صفت غیور شہید اور دیگر قابل فخر شہداء کی گراں قدر خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ڈپٹی کمانڈنٹ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی بہتر کفالت پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی) آف موٹروے پولیس کراچی آفس میں بھی یوم شہدائے پولیس کے حوالےسے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے محمد سلیم نے کہا کہ شہدا قوم کے ہیروز ہیں اور عظیم قومیں شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں۔

ڈی آئی جی موٹر وے کا کہنا تھا کہ شہدا نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جانیں بچائیں موٹروے پولیس ہمیشہ شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہے۔

 

یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے گزشتہ روز کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئی تھیں جب کہ ہفتہ کے روز بھی ملک کے مختلف حصوں میں وطن کی خاطر جاں وارنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

نیشنل پولیس بیورو پاکستان کی جانب سے چار اگست کا دن یوم شہدائے پولیس کے طور پرمنایا جاتا ہے جس کا مقصد قانون کی بالادستی، امن وامان کے قیام، دہشت گردی کا مقابلہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

 


متعلقہ خبریں