پنجاب میں 14 اگست کی تیاریاں عروج پر

پنجاب میں 14 اگست کی تیاریاں عروج پر | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: ملک بھر کی طرح پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور دیگر اضلاع میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ گھروں اور گلی محلوں کو سبزپرچموں سے سجانے کے لیے بچے، بڑے مصروف نظر آتے ہیں۔

تحصیل کوٹ چھٹہ میں بھی جشن آزادی کے حوالے سے تیاریاں زور و شور کے ساتھ جاری ہیں۔ بچے بڑے سبھی پاکستانی پرچم، بیجز اور سبز و سفید لباس کی خریداری میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔

اسٹالز پر چینی و مقامی ساختہ متعدد اشیاء موجود ہیں جو ایک تہوار کے رنگوں کو گہرا کرنے کے ساتھ وطن سے متعلق جذبات کے اظہار کا ذریعہ بھی نظر آتی ہیں۔

جشن آزادی کی تیاریوں میں سب سے زیادہ پرجوش بچے نظر آتے ہیں جو اپنے گھروں، سائیکل وغیرہ کو سجانے کے حوالے سے مختلف قسم کی آرائشی اشیاء خریدنے میں مصروف ہیں۔

کوٹ چٹھہ میں جشن آزادی سے متعلق اشیاء فروخت کرنے والے دوکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی نسبت اس سال ان اشیاء کی خریداری کا رجحان کم ہے البتہ 14 اگست قریب آتے آتے اس میں اضافہ متوقع ہے۔

ہارون آباد میں بھی 14 اگست کی آمد کے ساتھ بازاروں میں جشن آزادی کے سازو سامان کے اسٹال سجا دیے گئے ہیں جہاں رنگ برنگے بیج، اسٹیکرز اور جھنڈیوں نے بازاروں کی رونق مزید بڑھا دی ہے۔

دکانداروں نے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کےلیے اسٹالوں پر قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹ، بیج اسٹیکر اور مختلف اشیاء سجا رکھی ہیں۔

14 اگست 2018 کو 72واں یوم آزادی منایا جا رہا ہے جس کے لیے حکومتی و غیرحکومتی سطحوں پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں