سیون اے سائیڈ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان


لاہور: پاکستان نے پرتگال میں ہونے والے سیون اے سائیڈ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوچ اور ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ 23 تا 29 ستمبر تک ہونے والے ٹورنامنٹ کے ڈراز میں 32 ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے ڈراز میں شامل ٹیموں کو چار، چار کے آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کو گروپ بی میں جگہ دی گئی ہے جس میں دیگر ٹیمیں روس، اسپین اور مالڈوا شامل ہیں۔

سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ سیف گیمز میں دو بار گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طارق لطفی کو ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو کلب کے دس کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر سیمی فائنلسٹ ٹیموں کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے ایک ایک کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کراچی کے گول کیپر سمیر خان جو اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں وہ 14ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی توقع کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔

ہر ٹیم سنگل لیگ کی بنیاد پر باہم مقابل ہوگی۔ گروپ میچز کے اختتام پر ہر گروپ کی 2،2 ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلیے کوالیفائی کریں گی، فائنل 29ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستانب اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ آفاق احمد (کپتان)، حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل، عبدالحنان، ذبیح اﷲ وڑائچ، محمد زبیر، عادل (لاہور)، محمد عالمگیر (پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی) اور سمیر احمد۔


متعلقہ خبریں