ہزارواں ٹیسٹ: سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں انڈیا کو شکست

ہزارواں ٹیسٹ: سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں انڈیا کو شکست | urduhumnews.wpengine.com

برمنگھم: پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے انڈیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں صفر کے مقابلہ میں ایک میچ کی برتری حاصل کرلی۔

یہ انگلش کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کیریئر کا 1000واں میچ تھا۔ اب تک ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں انگلینڈ واحد ٹیم ہے جس نے ایک ہزار میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

تیسرے دن کے اسکور  110/5 کے ساتھ چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو بھارت کو جیتنے کے لئے 84 رن درکار تھے۔ کپتان ویرات کوہلی اور دینیش کارتھک وکٹ پر موجود تھے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ ان فارم بلے بازوں کی موجودگی میں بھارت کم ہدف کو آسانی سے عبور کر لے گا تاہم انڈین ٹیم مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور 162 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو کامیابی کے لیے انگلینڈ کو پانچ وکٹیں درکار تھیں۔ انگلش بالرز نے کسی بھی غلطی کا مظاہرہ نہیں کیا اور بھارتی ٹیم کے خواب پورے نہ ہونے دیے۔

ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کرنے والی انڈین ٹیم کو چوتھے روز کا پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب پہلے ہی اوور میں دینیش کارتھک کی وکٹ گر گئی، 20 کے انفرادی اسکور پر انہیں جیمز اینڈرسں نے آوٹ کیا۔

اس دوران بھارتی کپتان کوہلی کریز پر کھڑے رہے، انہوں نے نئے آنے والے بلے باز ہاردک پانڈیا کے ساتھ مل کر مجموعہ میں مزید 39 رن کا اضافہ کیا۔ کوہلی نے دوسری اننگ میں 51 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بن اسٹوکس نے چار، جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔

چار بھارتی بلے باز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے اور یوں تاریخی ٹیسٹ میچ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نام رہا جو مقابلہ شروع ہونے سے قبل ہی کامیابی کے لیے ناصرف پرامید تھی بلکہ اس یادگار لمحے کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے میچ کے دوران بھرپور محنت پر آمادہ بھی نظر آئی۔


متعلقہ خبریں