بین الاقوامی میڈیا پر ‘پرواز ہے جنوں’ کے چرچے

‘پرواز ہے جنوں’ کی باکس آفس پر اونچی پرواز جاری


لندن:  مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اپنی نوعیت کی پہلی پاکستانی فلم ‘پرواز ہے جنوں’ کے چرچے نا صرف پاکستان بلکہ ساری دنیا میں پھیل چکے ہیں۔

فلم کی پروڈکشن ٹیم اور مرکزی کردار کینیڈا اور امریکہ میں کامیاب تشہیری مہم کے بعد آج کل برطانیہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مختلف تقریبات میں شرکت کی۔

کامیاب تشہیری مہم کے نتیجے میں بین الاقوامی میڈیا کی توجہ بھی ’پرواز ہے جنوں‘ کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔برطانیہ میں قیام کے دوران  پاکستانی میڈیا کے علاوہ مختلف انگریزی ٹی وی چینلز نے بھی  فلم کے مرکزی کرداروں کے ساتھ  انٹرویوز کیے ہیں۔ ان انٹرویوز کے دوران فلم کے منفرد آئیڈیا، اداکاری اور ہدایت کاری کو سراہا گیا۔

اس سے قبل ’پرواز ہے جنوں‘ کی ٹیم نے نیویارک میں تشہیری مہم کے دوران مختلف تقریبات اور پریس کانفرنسز کے ذریعے فلم کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) درید قریشی کا کہنا تھا کہ ان کی مختلف ڈرامہ سیریلز اور فلمیں حقیقت سے قریب تر ہونے کی وجہ سے عوام میں مقبولیت حاصل کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والے ڈراموں اور فلموں کی کامیابی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنے والی  پروڈکشن ٹیم اور فن کاروں سمیت ہر شخص لگن، محنت اور جنوں سے کام کرتا ہے۔

کامیاب تشہیری مہم کے ساتھ ساتھ جاندار ٹریلر اور سپر ہِٹ گانے ریلیز سے پہلے ہی اس فلم کی مقبولیت کو چار چاند لگا چکے ہیں۔ فلم کا گانا ‘ تھام لو’ ریلیز کے ایک ہفتے میں 13  لاکھ  بار، جبکہ فلم کا ٹریلر اب تک 16 لاکھ بار صرف یوٹیوب پردیکھا جا چکا ہے۔

‘پرواز ہے جنوں’ کا تیسرا گانا ‘ناچے رے’ 5 اگست کو ریلیز ہوگا جبکہ ایکشن، رومانس اور جذبہ حب الوطنی سے بھر پور یہ فلم عید قرباں کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں