روسی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 18 افراد ہلاک


ماسکو: روسی دارالحکومت ماسکو کے قریب مشرقی سائیبیریا میں ایک ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق روسی ہیلی کاپٹر ایم آئی ایٹ اُڑان کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہوا، ہیلی کاپٹر میں 15 مسافر اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے، روسی حکام نے تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، بدقسمت مسافر روس کی آئل کمپنی روسنیفٹ کے ملازم تھے۔

روسی ہیلی کاپٹر کو مقامی وقت کے مطابق صبح سوا دس بجے ماسکو سے 2600 کلو میٹر فاصلے پر حادثہ پیش آیا، حکام نے سانحے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس بھی تلاش کر لیا گیا ہے جس کے ذریعے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے میں مدد ملے گی۔

روس کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، اس علاقے میں موسم بھی خراب نہیں تھا اس لیے یہ وجہ خارج از امکان قرار دی گئی ہے۔

22 اکتوبر 2016 کو بھی ایک روسی ہیلی کاپٹر سائیبیریا میں گر کر تباہ ہوا تھا جس میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں