گلگت: پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ،حملہ آور ہلاک


دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دریل تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے حملہ کیا جس کی جوابی کارروائی میں شفیق الرحمان نامی حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے دریل جانے والی شاہراہ پر کھلے عام فائرنگ بھی کی۔

گزشتہ روزگلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں دہشت گردی کی پراسرار کارروائیوں میں مختلف مقامات پر واقع 13 تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے شر پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) رائے محمد اجمل کے مطابق چار مشتبہ افراد کو اس ضمن میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کو ایس ایس پی رائے محمد اجمل نے بتایا کہ اسکول جلائے جانے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور تمام جگہوں پر ناکے لگائے گئے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں