عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بہترین کی تلاش

عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے امیدوار کی تلاش | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے منصب کےلیے تاحال ’بہترین‘ کی تلاش میں ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ یہی وہ بنیادی وجہ ہے کہ عددی اکثریت رکھنے کے باوجود پی ٹی آئی تاحال وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع امیدوار کا نام سامنے نہیں لاسکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی کو پنجاب میں حکومت کی تشکیل کےلیے 185 اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے جب سے شاہ محمود قریشی اور علیم خان دوڑ سے باہر ہوئے ہیں متبادل ناموں پر صرف ’غور‘ ہی کیا جارہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری، یاسر ہمایوں اور سبطین خان کے ناموں کا جائزہ لینے کے بعد بھی پارٹی میں ’خاموشی‘ پائی جاتی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے ناموں پر بھی غور کیا گیا لیکن تاحال حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق ’اندازے‘ لگانا چھوڑ دیے ہیں اورخاموشی سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اعلان کا انتظارکررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق آئندہ 36 گھنٹوں میں تخت لاہور کے متوقع حکمران کا نام سانے آنے کا قوی امکان ہے۔


متعلقہ خبریں