پرواز ہے جنوں کا نیا گانا ’ناچے رے‘ ریلیز کر دیا گیا


دبئی: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ’پرواز ہے جنوں‘  کا نیا گانا ’ناچے رے‘ ریلیز کردیا گیا ہے۔

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے سی ای او درید قریشی، مومنہ درید، حمزہ علی عباسی سمیت فلم  کے مرکزی کرداروں نے پریس کانفرنس میں گانے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بتایا۔

اس سے پہلے  ’پرواز ہے جنوں‘  کے ٹریلر نے دنیا بھر میں مداحوں کے دل موہ لیے ہیں، سوشل میڈیا میں ہر طرف فلم کے ٹریلر کے چرچے ہیں۔

ٹریلر سے عیاں ہوتی دلفریب کہانی اور فلم کے کرداروں نے ناصرف مقامی شائقین فلم کی  توجہ حاصل کی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پذیرائی سمیٹ رہے ہیں۔

ٹریلر کے بعد ریلیز ہونے والے دو گانوں ’بھلیا‘  اور ’تھام لو‘  نے بھی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے، دونوں گانوں کو سوشل میڈیا پر اب تک دس لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

فلم کا تیسرا گانا ’ناچے رے‘ اتوار پانچ  اگست کو ریلیز کیا گیا ہے۔

پاک فضائیہ اور اس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی فلم  ’پرواز ہے جنوں‘ کی کاسٹ میں شامل کرداروں پر فلمائے گئے گانوں کے ’بول‘ پہلے ہی سوشل میڈیا  پر وائرل ہو چکے ہیں۔

مہندی کی خوبصورت اور دل پذیر رسومات کی عکاسی کرتے ’ ناچے رے‘  کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا جو آج اپنے انجام تک پہنچ گیا اور اب وہ اپنے پسندیدہ  گانے کو مکمل طور پر سن سکیں گے، گانے نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے۔

گانے میں چلبلی ہانیہ کے رقص، دلہن کا حسین روپ دھارے کبریٰ خان کے جلووں ، حمزہ علی عباسی کی وجہیہ  شخصیت اور شاز خان کی منفرد ادکاری نے گانے کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

گانے  میں اداکاروں کی باہم ہم آہنگی فلم بینوں کو اپنے سحر میں اس طرح جکڑتی ہے کہ انہیں وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوتا۔

’ناچے رے‘  ڈائریکڑ اور کمپوزر اذان سمیع خان کی ہدایات میں اس خوبصورتی اور مہارت سے  فلمایا گیا ہے کہ  یہ فلمی گانے کے بجائے مہندی کے حقیقی مناظر کی عکاسی کرتا دکھائی دیتا ہے۔

گانے کے لیے آواز کا جادو زیب بنگش اور جبار عباس نے جگایا ہے، نغمہ نگار سہیل شکیل ہیں جبکہ  اس کی دل موہ لینے والی دھن سعد سلطان نے ترتیب دی ہے۔

’ہم نیٹ ورک‘ کے بینر تلے مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کا یہ شاہکار عید الاضحیٰ  پر ریلیز کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں