ایم کیو ایم، پی ٹی آئی طلاق جلد ہو جائے گی، منظور وسان


خیرپور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے جلد بازی میں نکاح کیا ہے جو زیادہ دیر نہیں چلے گا اور جلد طلاق ہو جائے گی۔

خیرپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم تو پی ٹی آئی پر دھاندلی کے الزامات لگا رہی تھی لیکن نکاح بھی اُسی سے کرلیا، اس پر ہمیں بہت تعجب ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین جن آزاد ارکان کو جہاز میں لے کر جا رہے ہیں وہ واپس بس اور ٹرین میں آئیں گے اورعمران خان کی حکومت اگر بن بھی گئی تو دو سال سے زیادہ نہیں چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دعوے کی وجہ سے مدت پوری نہیں کرسکیں گے، وہ ایک کروڑ نوکریاں اور ایک کروڑ گھر کہاں سے بنوائیں گے۔

منظور وسان نے پیشگوئی کی کہ سندھ میں کڑا احتساب شروع  ہو گا جو پانچ سال تک چلے گا، انہوں نے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) کی جانب سے دھاندلی کی شکایتیں قیامت کی نشانی ہے، جی ڈی اے کے احتجاج کو سندھ  کے عوام نے مسترد کر دیا کیونکہ وہ اس کے لیے نکلے ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلائی مخلوق کا سابق وزیراعظم نوازشریف ذکر کرتے تھے تو جی ڈی اے والے ان پر ہنستے تھے، اب خلائی مخلوق والے ہی خلائی مخلوق کے خلاف احتجاج  کر رہے ہیں۔

منظور وسان نے کہا کہ اب حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس سینیٹ میں اکثریت ہے اس لیے جلد چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئے گی۔


متعلقہ خبریں