مفت تعلیم، صاف پانی، پیپلز پارٹی کی ترجیحات طے کر لی گئیں


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ  میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے ساتھ ہی فوری عوامی اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور انتخابی منشور کی روشنی میں اہداف طے کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی نے چھ ماہ  کا عوامی خدمت کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جس میں صحت، تعلیم اور روزگار کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت سنبھالتے ہی صحت اور تعیلم کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کرنا ہوں گی جبکہ یونین کونسل کی سطح تک صحت کی تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنا بھی ان کے اہداف میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے چھ ماہ میں تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ صحت کے علاوہ  تعلیم کو بھی اولین ترجیحات میں رکھا گیا ہے، بلاول بھٹو نے کی ہدایت کی ہے کہ  پرائمری  سے یونیورسٹی کی سطح  تک تعلیم  کے شعبہ میں اصلاحات کے ساتھ  ساتھ  مفت تعلیم کے منصوبوں کا جائزہ لیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے نامزد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اپنے اہداف سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اگلے چھ  ماہ  میں میرٹ کے فروغ اور سفارش کلچر کے خاتمے سمیت زراعت، پینے کے صاف پانی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع  فراہم کرنے جیسے اہداف میں خاطر خواہ پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں