کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن منگل تک جاری کرنے کا اعلان


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا نوٹیفیکیشن 7 اگست تک جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اُمیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کے پاس تین دن کا وقت ہوگا کہ وہ کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں۔

خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن 11 اگست تک جاری کیا جائے گا جس کے بعد صدر پاکستان اور گورنرز قانون کے مطابق اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول ہوچکی ہیں جو چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کی جانب سے بھجوائی گئی ہیں۔

قومی اسمبلی کے 269 امیدواروں نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں تاہم قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271 کیچ کے کامیاب امیدوار کی تفصیلات تاحال الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوئی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے 295، سندھ اسمبلی کے 129، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 97 جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 49 امیدواروں کے اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 36 سے کامیاب امیدوار کی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں، مجموعی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی کے ایک ایک حلقے کے کامیاب امیدواروں کی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر ان دونوں حلقوں کے ریٹرننگ افسران سے  رابطے میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کامیاب ہونے والے نومنتخب ارکان کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی جاری کی جائیں گی تاہم جن حلقوں کے مقدمات عدالت میں ہیں ان کا نوٹیفیکیشن عدالتی فیصلہ آنے کے بعد جاری کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں