بنگلہ دیش میں امریکی سفیر پر حملہ

بنگلہ دیش میں امریکی سفیر پر حملہ | urduhumnews.wpengine.com

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں طلبہ کی جانب سے کئی روز سے جاری احتجاج کے دوران مسلح افراد نے امریکی سفیر کے قافلے پر حملہ کردیا جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مسلح افراد کے حملے میں امریکی سفیر مارسیا برنیکاٹ محفوظ رہیں۔

امریکی سفیر کے قافلے پر حملہ کا واقعہ ہفتے کی رات کو پیش آیا ہے۔ واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ اداروں نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

65 سالہ خاتون سفارتکار کو 2014 میں سابق امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے بنگلہ دیش کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہی ڈھاکہ میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

بنگلہ دیش میں تعینات امریکی سفیر
بنگلہ دیش میں تعینات امریکی سفیر

بنگلہ دیش میں ایک ہفتہ قبل بس کے حادثے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد ڈھاکہ میں طالب علموں کا احتجاج جاری ہے۔ اس احتجاج کے ساتویں روز جھڑپوں کے بعد حکومت نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا تھا۔

گزشتہ روز طلبہ کے احتجاج پر تشدد کے نتیجے میں 100 سے زائد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

احتجاج کرنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ربڑ کی گولیاں برسائیں، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شلینگ بھی کی گئی ہے۔ جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کی شلینگ نہیں کی گئی۔

قبل ازیں یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ نوجوانوں کی سڑک حادثہ میں ہلاکت اور روڈ سیفٹی کے متعلق احتجاج کرنے والے طلبہ پر حکومتی جماعت عوامی لیگ کی حامی طلبہ تنظیم نے بھی تشدد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں