انسانی اعضاء عطیہ کرنے کی اہمیت اجاگر کرنے کیلیے واک کا اہتمام


کراچی: انسانی زندگی بچانے میں اعضاء کے عطیات کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے دیگر اداروں کے تعاون سے  کراچی  میں واک کا اہتمام کیا۔

مزار قائد کے احاطے میں ہونے والی آگاہی واک میں ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی، ڈاکٹر ادیب رضوی اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے علاوہ  رضاکاروں، مریضوں اور عوام کی  بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آگاہی واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پراعضاء عطیہ کرنے پر زور دیا گیا تھا۔

’ہم نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ انسانی اعضاء مل جائیں تو کئی زندگیاں بچ سکتی ہیں۔

واک میں شریک ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے اعضاء  کسی کے کام آجائیں تو یہ نیکی کا کام ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد  نے اس کار خیر میں حصہ ڈالنے کی اہمیت پر زور دیا۔

آگاہی واک میں شریک گرد عطیہ کرنے والے نوجوان نے’ ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اعضاء عطیہ کرنے کے لیے آگاہی کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

گردے کا عطیہ پا کر زندگی کی جانب لوٹنے والی ایک بچی بھی واک میں شریک تھی۔ کمسن بچی نے اپنی صحت کی بحالی پر ایس آئی یو ٹی کا شکریہ ادا کیا۔

 


متعلقہ خبریں