ملک میں تین سے سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا


اسلام آباد/کراچی/لاہور/پشاور/کوئٹہ: ملک کے مختلف شہروں میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ تین سے سات روزہ  مہم کے دوران  پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں چیف کمشنر اسلام آباد جودت ایاز نے انسداد پولیو مہم کا آغاز بچے کوقطرے پلا کر کیا۔ انہوں نے اس موقع پرکہا کہ تین لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ ہزارسے زائد پولیو ورکرز ضلع بھر میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گے۔

چیف کمشنر اسلام آباد جودت ایاز کے مطابق سی ڈی اے اورراولپنڈی انتظامییہ کے تعاون سے انسداد پولیو مہم کامیاب رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آصف اسلام آباد میں مہم کی سربراہی کریں گے۔

شہر قائد کراچی میں سات روزہ مہم کے دوران 12 ہزار رضاکار 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔

لاہورمیں چار ہزار 700  ٹیمیں  تمام یونین کونسلوں میں گھرگھر جاکرپولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیمیں 17 لاکھ 71 ہزار کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق  ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق کے احکامات کے تحت اسسٹنٹ کمشنرز اورسب رجسٹرار خود پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ انسداد پولیومہم کی ٹیموں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں پولیو مہم چھ سے آٹھ اگست تک کے درمیانی عرصے میں جاری رہے گی۔

خیبرپختونخوا سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران آٹھ لاکھ 25 ہزار 144 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

بلوچستان کے 19 اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران کوئٹہ، پشین اورقلعہ عبداللہ ہائی رسک اضلاع  قرار دیے گئے ہیں۔

صوبہ بلوچستان میں انسداد پولیو مہم میں 17 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انسداد پولیو مہم میں چھ ہزار 67 موبائل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سرکاری منصوبہ بندی کے تحت عملہ 521 فکسڈ اور413 ٹرانزٹ پوائنٹس پر فرائض سرانجام دے گا۔

بلوچستان کے اعلیٰ حکام نے انسداد پولیو مہم کے دوران خاص طور پر ضلع دکی پہ خصوصی توجہ دینے کے انتظامات کیے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی حفاظت کے لیے ایف سی، لیویز اور پولیس کے جوان متعین کیے گئے ہیں۔

ملتان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران چار لاکھ 26 ہزار 661 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

جنوبی پنجاب کے محکمہ صحت نے اس مقصد کے لیے گیارہ سو 36 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں سے نو سو چھ ٹیمیں گھر گھر جائیں گی اوربچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔


متعلقہ خبریں