ویسٹ انڈیز کو شکست، بنگلہ دیش نے ٹی ٹوینٹی سیریز جیت لی


لاڈرہل: امریکی  ریاست فلوریڈا  کے شہر لاڈرہل میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ  میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو  19 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز2-1 سے اپنے نام کرلی۔

ویسٹ انڈیز کے آل راونڈر آندرے رسل نے 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن وہ آخری اوور کی پہلی گیند  پر آؤٹ ہو گئے، ان کی شاندار بلے بازی بھی میزبان ٹیم کو سیریز کی شکست سے نہ بچا سکی۔

میچ کے آغاز میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، اوپنر بلے باز بھرپور فارم میں تھے، جس کا مظاہرہ ابتدائی اوورز میں دیکھنے کو ملا، پہلی وکٹ  کی شراکت میں بائیں ہاتھ  کے  بلے باز تمیم اقبال اور لتن داس نے محض 4.1 اوورز میں ٹیم کا اسکور 61 رنز تک پہنچا دیا۔

تمیم 21  رنز بنا کر بریتھویٹ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے تو اگلے بلے باز سومیا سرکار بھی صرف 5 رنز کے اضافے کے ساتھ  پویلین  لوٹ گئے،  لتن داس کے شاندار 61  رنز کے علاوہ شکیب کے 24 اور محموداللہ  کے ناقابلِ شکست 32 رنز کی  بدولت بنگلہ دیش نے 184/5 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ  پر سجایا۔

جواب میں میزبان ٹیم کا آغاز بہت اچھا نہ تھا، 32  رنز کے اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ  بارش کے باعث ٹارگٹ 17.1  اوورز میں 155  رنز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش کے اسپنرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے اور انہوں نے مخالف ٹیم  کو سنبھلنے کا موقع  نہیں دیا، رسل  نے میچ کے آخری لمحات میں دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ تو بنایا  لیکن وہ اپنی ٹیم کو جتوا نہ سکے، میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7  وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔

بائیں بازو کے  گیند باز مستفیض الرحمٰن  نے 3  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاندار بلے بازی پر لتن داس کو مین آف دی میچ  قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں