افسران چہروں کے بجائے کیس پر توجہ دیں، چیئرمین نیب

تمام کیسز مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں ، چیئرمین نیب کی ہدایت|HUMNEWS.PK

لاہور: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت کی ہے کہ تمام کیسز مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور نیب افسران چہروں کے بجائے کیس پر توجہ دیں۔

لاہور میں نیب  آفس کا دورہ کے دوران انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کا خاتمہ کرکے ہی دم لے گا کیونکہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کاٹ دی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقم  برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور نے میگا کرپشن کے مقدمات پر بریفنگ  دی اور سپریم کورٹ کی طرف سے نیب لاہور کو بھیجے جانے والے مقدمات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

چیئرمین نیب کو دی گئی بریفنگ میں مراعات کیس، نیشنل بینک آف پاکستان مال روڈ برانچ میں مبینہ بدعنوانی کیس، پنجاب میں  پبلک سیکٹر کی 56 کمپنیز میں مبینہ بدعنوانی کیس سمیت دیگر شامل تھے۔

اس کے علاوہ چیئرمین نیب کو ایزگارڈ نائن اور ایگری ٹیک لمیٹڈ  کمپنی کے خلاف انکوائری  پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ حماد ارشد، گلو بیکو اور ڈی ایچ اے سٹی لاہور کے خلاف انویسٹی گیشن کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔

اسی طرح خیابان امین ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں  فراڈ اور دھوکہ دہی، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی)  اور بینک آف پنجاب کے افسران کے خلاف شیئرز کی خرید و فروخت کے کیس پر بھی چیئرمین نیب کو بریفنگ دی گئی۔


متعلقہ خبریں