شہباز شریف وزیراعظم کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار نامزد

فوٹو: فائل


لاہور: متحدہ اپوزیشن کی طرف سے مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب  شہبازشریف وزارت عظمیٰ کے متفقہ امیدوار ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون حالیہ انتخابات میں ہونے والی تاریخی دھاندلی کے بارے میں وائٹ پیپر شائع کرے گی، اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی ہو گا جس میں تمام سیاسی جماعتیں اور ٹکٹ ہولڈرز شامل ہوں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا پرجبری سنسرشپ کے ذریعے آزاد صحافت کا  گلا گھونٹا جا رہا ہے، اگر 120 دن کے دھرنے کو میڈیا دکھا سکتا ہے تو عوام کے اعتراضات بھی آئن ایئر کرے۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو فارم 45 نہیں دیا گیا اور انتخابی نتائج  روکے گئے، نون لیگ کا دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ اتحاد دھاندلی کے خلاف ہے، کل جماعتی اتحاد میں بھی کہا تھا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنائیں گے۔

سابق وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تقریر میں کہا کہ جتنے حلقے چاہیں کھول دیں لیکن حلقہ 131 میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر ان کے وکیل بابراعوان نے حکم امتناعی کی بات کی، اگر کوئی خوف نہیں تو دوبارہ گنتی کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت نون لیگ آزاد اراکین کے ساتھ رابطے میں ہے لیکن جس طرح سیاست میں نوٹوں کی منڈی لگی ہوئی ہے ایسی سیاست نون لیگ نے کبھی نہیں کی۔


متعلقہ خبریں