پاکستان کی زلزلے سے متاثرہ انڈونیشیا کو تعاون کی پیشکش


اسلام آباد: پاکستان نے زلزلہ سے متاثرہ انڈونیشیا کو ہرممکن تعاون اور امداد کی پیشکش کی ہے۔

یہ پیشکش اتوار کے روز نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر آئیوان سیودھی امری سے ملاقات کے دوران کی۔

آئیوان سیودھی نے انڈونیشیا کی طرف سے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل وقت میں پاکستان کی اس پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بوقت ضرورت پاکستان کو امداد کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

اتوارکی شب انڈونیشیا  کے جزیرہ لمبوک میں 6.9  شدت کے زلزلہ کی وجہ سے 100 افراد جاں بحق اور 250  کے قریب زخمی ہوئے جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے تھے، زلزلے کے جھٹکے قریبی جزیرے بالی میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں ہیں، مقامی میڈیا کے مطابق تقریباً ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

زلزلے کے بعد بھی آفٹر شاکس کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، پیر کی صبح لومبوک کے شمالی علاقے میں 5.2 شدت کا زلزلہ  ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں