قومی پرچم ہماری شناخت ہے، اس کا احترام کیجیے

پرچم کا احترام لازم|humnews.pk

اسلام آباد: جشن آزادی قریب آتے ہی جھنڈوں، پرچموں اور جھنڈیوں کی بہاریں اپنے جوبن پر پہنچ  گئی ہیں، کہیں کسی اسٹال پر خواتین پاکستانی پرچم سے مزین جیولری کی خریداری میں مصروف ہیں تو کہیں بچے، بوڑھے اور بڑے جھنڈوں اور جھنڈیوں کی خریداری میں مشغول ہیں کیونکہ 14 اگست سے ایک یا  دو روز قبل ہر دفتر، گلی، تعلیمی ادارے، محلے، عمارتیں اور گاڑیاں سجانے اور خود کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگنے کا رواج  برسوں سے چلا آ رہا ہے۔

14 اگست سے قبل تقریباً  پورا ملک جھنڈوں، جھنڈیوں اور سبز اور سفید  روشنیوں سے سجا دیا جاتا ہے اور یہ منظر ناصرف انتہائی حسین اور دلکش  معلوم  ہوتا ہے بلکہ پاکستانی قوم کے اپنے ملک سے سچے جذبے کی بھی عکاسی کرتا ہے لیکن آخر 14 اگست کے دوسرے ہی دن سے یہ جذبہ کہاں چلا جاتا ہے، یقیناً یہ سوال بہت حیران کر دینے والا ہے۔

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ 14 اگست کی خوشی میں جن جھنڈیوں اور جھنڈوں سے ہم اپنے گلی محلے سجا  رہے ہوتے ہیں، ان کے احترام و تقدس کا خیال کیوں نہیں رکھا جاتا، آخر کیوں دوسرے ہی دن ہمارے  پرچم سے مزین جھنڈیاں ہمارے پیروں تلے روندی جا رہی ہوتی ہیں یا زمین پر مٹی کی دھول کا حصہ بن رہی ہوتیں ہیں۔

آخر کیوں 14 اگست کو نہایت احترام سے اپنے گھروں اور دیگر مقامات پر لہرایا جانے والا ہمارا قومی پرچم بعد میں پھٹ کر کئی حصوں میں تقسیم ہوجاتا ہے۔

آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہوتا ہے، اس کی بے حد اہم لیکن سادہ سی وجہ یہ ہے کہ  ہم ان کا احترام نہیں کرتے اور نہ ان کی اہمیت سے واقف ہیں۔

بیشتر قارئین ایسے ہوں گے جو اس بات سے واقف نہیں کہ آئین پاکستان کے مطابق کوئی شہری ماسوائے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت کسی خاص عہدے پر فائز شخص پورا سال قومی پرچم  اپنے گھر یا ادارے پر نہیں لہرا سکتا، صرف اور صرف 14 اگست کے دو دن بعد تک شہریوں کو قوم پرچم  اپنے گھروں یا  دیگر مقامات پر لگانے کی اجازت ہوتی ہے جس کے بعد اسے فوری طور پر اتار دینے کی ہدایت آئین میں موجود ہے۔

آئین میں شامل اس شق کا مقصد قومی پرچم کے تقدس کو پامال ہونے سے بچانا ہے تاکہ  ہر جگہ اس کی بے حرمتی نہ ہو جو ہمارے ملک میں عام  ہو چکی ہے۔

آیئے آج ہم سب خود سے یہ عہد کریں کہ 14 اگست کے فوری بعد یوم آزادی سے قبل لگائے گئے جھنڈے اور جھنڈیوں کو حفاظت سے اتار کر رکھ دیں گے تاکہ وہ کسی کے پاؤں تلے نہ روندے جائیں۔

پرچم کا احترام ہم سب پر فرض ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر اور ہماری شناخت ہے، اسے پیروں تلے روند کر اپنی شناخت مسخ کریں نہ اپنے تفخر کو خود خاک میں ملائیں۔


متعلقہ خبریں