باندی پورہ میں دو کشمیری شہید: علاقے کا محاصرہ،گھر گھر تلاشی


سری نگر: قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں مزید دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

ضلع باندی پورہ کے علاقے گوند میں گوریز کے مقام پر بھارتی فوج کے پٹرولیم دستے پرہونے والے حملے میں چار بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

ریاستی احکامات پر بھارتی افواج، پیراملٹری فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا جو تاحال جاری ہے۔

قابض بھارتی افواج تسلسل کے ساتھ مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کرکے تلاشی کے بہانے گھروں میں داخل ہوتی ہے اورنہتے و بے گناہ کشمیریوں کو اپنے انتقام کا نشانہ بنا کرشہید کردیتی ہے۔

اتوار کے دن ضلع رمبان کی تحصیل گول  کے علاقے کوہلی میں بھارتی افواج کی اندھادھند فائرنگے سے ایک بے گناہ کشمیری شہید اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

شہید اورزخمی ہونے والے دونوں نہتے و بے گناہ کشمیری مویشیوں کا کاروبار کرتے تھے۔ قابض بھارتی فوج نے گزشتہ چار روز کے دوران 12 کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔

ضلع شوپیاں میں  بھارتی افواج کی فائرنگ سے پانچ کشمیری شہید ہوئے تھے۔

بھارتی فوج  نے جولائی میں  ایک خاتون سمیت 21 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔ چنار کی مقبوضہ وادی میں جولائی کے مہینے میں 46 مکانوں کو بھی تباہ کیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں