بحری مشق امن 19 کی منصوبہ بندی کانفرنس ختم ہو گئی


اسلام آباد: پاک بحریہ کی میزبانی میں منعقدہ  کثیر الملکی بحری مشق امن 19 کی دو روزہ ابتدائی منصوبہ بندی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس میں بحری مشق امن 19 کی مرحلہ وار سرگرمیوں پر تفصیلاً  تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان نیوی 2007 سے بحری مشق امن کا انعقاد اور میزبانی کر رہی  ہے، بحری مشق امن 19 اس سلسلے کی چھٹی مشق ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ امن مشقوں کا نصب العین ’امن کے لیے متحد‘  اور مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی بحری افواج  کو امن کے لیے ایک پلیٹ فارم  پر اکٹھا کرنا ہے۔

گزشتہ ہفتے پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف  رائل عمان نیوی کے ساتھ  تربیتی مشقوں کے لیے مسقط بھیجا گیا تھا، عمان میں پاکستان کے سفیر اورعمان نیوی کے افسران نے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور کمانڈنگ افسر پی این ایس سیف نے رائل عمان بحریہ کے افسران سے ملاقاتیں کیں ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس سیف اور رائل عمان نیو ی کے جہازوں نے مشقوں میں حصہ لیا جن کا مقصد مہارتوں اور حربی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔


متعلقہ خبریں