پاکستان کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گا، شیخ رشید


کراچی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مسائل میں پاکستان کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گا، انشااللہ سی پیک چلتا رہے گا۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں لوگوں نے کرپشن کے خلاف ووٹ دیے ہیں اور ہم کرپشن کو جڑ سے اکھاڑیں گے، کسی کو اعتراض ہے تو شوق سے جائے اور الیکشن کمیشن کے سامنے نعرے بازی کرے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کے لوگوں اور خاص طور پر مہاجر کمیونٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے عمران خان پر اعتماد کیا اور نیا پاکستان بنانے میں اپنا حصہ ڈالا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اگر 25 سے 35 فیصد بھی ڈیلیور کر دیا تو قوم سمجھے گے کہ انہوں نے حق ادا کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی عمران خان نے حلف نہیں لیا اور یہ لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں، ابھی تو انہوں نے کوئی پالیسی نہیں دی، ملک میں احتساب کا عمل آئین و قانون کے دائرے میں چلتا ہے تو کسی کو اعتراض کیوں ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چار سال لگے چار حلقے کھلوانے میں لیکن یہ لوگ کوئی ایک حلقہ بتا دیں جہاں دھاندلی ہوئی یا مارا ماری ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ چالیس سال سے زنگ آلود بیوروکریسی چل رہی ہے، بائیس سال عمران خان نے جدوجہد کی اور اتنا عرصہ ہی فضل الرحمان اقتدار کے مزے لوٹتے رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ہمیں میرٹ قائم  کرنا ہے اور آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دینی یے، سب سے اہم مسئلہ ملکی معیشت کا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو عزت ملے گی اور کرپشن کے لیے قطعی عدم برداشت کی پالیسی ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ کسی کی درخواست پر کوئی این آر او نہیں ہو رہا، ایسے خواب دیکھنے والے جاگ جائیں ابھی تو بہت سے کیس سامنے آنے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ حسن، حسین اور اسحاق ڈار کو ریڈ  وارنٹ سے واپس لائیں گے۔


متعلقہ خبریں