جشن آزادی میں اقلیتوں کی شرکت یقینی بنانے کا فیصلہ

یوم آزادی کی تقاریب میں اقلیتوں شرکت یقینی بنانے کا فیصلہ| urduhumnews.wpengine.com

لاہور: یوم آزادی کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 14 اگست کے حوالے سے تمام تقاریب میں اقلیتوں، خصوصی افراد اور خواجہ سراؤں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسپتالوں، جیلوں، یتیم خانوں اور اولڈ ایج  ہومز میں بھی یوم آزادی منانے کے لیے مخیر حضرات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ 14 اگست کی تقریبات کا آغاز مساجد میں ملک و قوم کی ترقی اور سلامتی کی دعا اور قرآن خوانی سے کیا جائے اور شجر کاری کو تقریبات کا حصہ بنایا جائے۔

اکبر درانی نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پرسیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد  ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) نسیم نواز نے اجلاس کے شرکا  کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تمام اضلاع  کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے صوبے، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہو گی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 


متعلقہ خبریں