سانحہ سول اسپتال کوئٹہ کی دوسری برسی

سانحہ سول اسپتال کوئٹہ کی دوسری برسی | urduhumnews.wpengine.com

کوئٹہ: دو سال قبل کوئٹہ کے سول اسپتال میں خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے وکلاء، صحافیوں اور عام افراد کی دوسری برسی آج منائی جا رہی۔ اس موقع پر مختلف بار ایسوسی ایشنوں کی جانب سے عدالتی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ہڑتال کی جا رہی ہے۔

دوسری برسی کے موقع پر بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔ سبی، ہرنائی، ژوب، لورالائی،  زیارت اور موسی خیل میں بھی وکلاء ہڑتال پر ہیں۔

علاوہ ازیں  پشین، قلعہ سیف اللہ، کوہلو، بارکھان اور شیرانی میں بھی وکلاء عدالتوں سے بائیکاٹ کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق سانحہ سول اسپتال کوئٹہ کی دوسری برسی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے صوبے کے مختلف شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغراچکزئی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی بلوچستان میں تعزیتی ریفرنسز اور جلسے منعقد کرے گی۔ اے این پی کی جانب سے مختلف شہروں میں تقریبات، قرآن خوانی اور لنگر کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

اے این پی کی جانب سے مرکزی جلسہ چمن میں منعقد کیا جائے گا جس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

دو سال قبل آٹھ اگست کو موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے دو وکیلوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہیں سول اسپتال لایا گیا تو وہاں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 80 سے زائد وکلا، صحافی اور عام شہری شہید ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں