این اے 131: سپریم کورٹ نے دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا

این اے 131: سپریم کورٹ نے دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔

بدھ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملہ کی سماعت کی جہاں عدالت عالیہ لاہور کا فیصلہ معطل کر دیا گیا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک بار نتائج جمع کرنے کا سلسلہ مکمل ہو جائے تو گنتی کیسے ہو سکتی ہے؟ ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں کیسے مداخلت کر سکتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے عدالت کو کہا کہ وہ لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست واپس لے لیتے ہیں۔

عدالت کے سامنے دلائل میں وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی وکٹری تقریر میں کہا تھا تمام حلقے کھولوں گا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ سیاسی بیان ہے ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے، تمام فیصلے قانون کے مطابق کرتے ہیں۔

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ گزشتہ روز بھی ہائی کورٹ کا ایک حکم معطل کیا گیا تھا۔

این اے 131 لاہور سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان چند سو ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے تھے جس کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والے خواجہ سعد رفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے پہلے انتخابی کمیشن اور پھر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

دریں اثناء سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 182 کے انتخابی نتائج سے متعلق جمشید دستی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ فورم سے رابطہ کریں۔


متعلقہ خبریں