عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل


اسلام آباد: پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا۔ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش نیب نے کی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق نیب کو لندن سے زلفی بخاری کے خلاف اہم ثبوت ملے تھے جس کے بعد ان کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا۔

ذمہ دارذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی لندن میں آٖف شور کمپنیوں کی آڈٹ رپورٹ اوردستاویزات حاصل کرلی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق آڈٹ رپورٹ اوردیگر اہم دستاویزات نیب کے اعلیٰ افسران کے حوالے کردی گئی ہیں جس کے بعد نیب راولپنڈی جلد ہی زلفی بخاری کی نیب میں طلبی کا سمن جاری کیا جائے گا۔

سید ذوالفقارعباس بخاری جو ’زلفی بخاری‘ کے نام سے مشہور ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیارکرکے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے بزرگ سیاستدان اور ممتاز قانوندان سید طفرعلی شاہ کے داماد ہیں۔

لندن میں مستقل بنیادوں پر رہائش رکھنے والے زلفی بخاری کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی اورانتہائی قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔

زلفی بخاری کا نام اس وقت بھی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں کے ساتھ شائع ہوا تھا جب عمران خان نجی پرواز سے عمرے کی ادائیگی کی خاطر سعودی عرب جارہے تھے تو وہ ان کے ہمسفر تھے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ زلفی بخاری کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی لیکن پھر ٹیلیفونک رابطے پر جانے کی اجازت ملی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کی مخالف سیاسی جماعتوں نے اس پر شورشرابہ بھی کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں