عمران خان پھر الیکشن کمیشن طلب


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک بار پھر نوٹس جاری کرتے ہوئے  جمعرات کو خود یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کو نوٹس ووٹ کا تقدس پامال کرنے پر جاری کیا گیا ہے۔

عمران خان کے وکیل  بابر اعوان نے بدھ کے روز جلد کیس سننے کی استدعا کی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے معاملہ جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

پاکستان تحریک ِ انصاف کے سربراہ عمران خان عام انتخابات کے دوران اپنے حلقہ انتخاب این اے 53 اسلام آباد 2 میں ووٹ ڈالتے وقت الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں 30 جولائی کو وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔

عمران خان اس حلقے سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف امیدوار تھے، وہ ایک سرکاری اسکول میں قائم  پولنگ اسٹیشن میں اپنے ووٹ کی پرچی کو خفیہ طریقے سے ڈالنے کے بجائے  پولنگ بوتھ سے باہر لے آئے اور میڈیا کے کیمروں کے سامنے اس پر مہر لگائی۔

ووٹ کا تقدس پامال کرنے پر الیکشن کمیشن نے این اے 53  سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹس بھی روک رکھا ہے۔

انتخابی قانون کے تحت ووٹ ڈالنے کا عمل خفیہ رکھنا ضروری ہے اور اس کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہے۔


متعلقہ خبریں