دفاعی تقاضوں میں پی او ایف کا کردار اہم ہے، نگراں وزیراعظم


واہ: نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے ملک کے دفاعی تقاضے پورے کرنے میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز کی قابل قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کثیر الجہتی دفاع  اور ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں پی او ایف نہایت اہم حیثیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پاکستان آرڈننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کے دورے کے دوران کیا جہاں انہیں آرڈننس فیکٹری میں تیار کیے جانے والے بین الاقوامی معیار کے اسلحہ و بارود کی وسیع تر مصنوعات کے بارے میں تفصیلی طور پرآگاہ کیا گیا۔

واہ فیکٹری پہنچنے پر ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں زمانہ جنگ و امن کے دوران مسلح افواج کی دفاعی اور غیر دفاعی ضروریات پورا کرنے کے لیے  پی او ایف کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صرف لاگت کی بنیاد پر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ پی او ایف درآمدی متبادل کے ذریعے بھی ملک کی خدمت کر رہی ہے اور 40 ممالک کو اپنی سرپلس مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کما رہی ہے جس سے دفاعی سفارت کاری کو تقویت بھی مل رہی ہے۔


متعلقہ خبریں