ایف اے ٹی ایف کا وفد 14 اگست کو پاکستان پہنچے گا


اسلام آباد: فائننشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا وفد پاکستانی حکام سے مذاکرات کے لیے 14 اگست کواسلام آباد پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا وفد 5 ارکان پر مشتمل ہو گا، وفد پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ  لے گا اور گرے لسٹ سے نام خارج کرنے کے حوالے سے معاونت بھی فراہم کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں 15 سے 17 اگست کے دوران نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)  ہیڈکوارٹر میں ہوں گی، 18 اگست کو وفد کے ارکان واپس روانہ ہو جائیں گے، اگلے مرحلے میں پاکستانی حکام کا وفد تھائی لینڈ کا دورہ کرے گا۔

رواں برس جون میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا اعلان کیا تھا اور منی لانڈرنگ روکنے، دہشت گردوں کی مالی معاونت پر پابندی لگانے اور کالعدم تنظیموں اور دیگر گروہوں کے خلاف ضروری اقدامات کرنے کے لیے 15  سے 17 ماہ کا عرصہ دیا تھا۔

پاکستان کے پاس اس حوالے سے یکم ستمبر 2018  سے 31 اکتوبر 2019 کا وقت ہے جس کے دوران ایف اے ٹی ایف کے تجویز کردہ اقدامات پر عمل کرکے گرے لسٹ سے پاکستان کا نام خارج  ہو سکتا ہے۔

پیرس میں فائننشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس 24 سے 28 جون کے درمیان جاری رہا تھا جس میں نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں