زرداری کے خلاف سوئس مقدمات نہیں کھولے جا سکتے، نیب


اسلام آباد: وفاقی احتساب بیورو (نیب)  کا کہنا ہے کہ سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف سوئٹزر لینڈ میں دائر مقدمات دوبارہ نہیں کھولے جا سکتے۔

قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کے تحت قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف سوئس مقدمات کھولنے کی پاکستانی درخواست تاخیر سے دائر کی گئی تھی جس کی وجہ سے یہ زائداالمیعاد قرار دی گئی۔

سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے حوالے سے نیب نے کہا کہ ان کے خلاف انکوائری بند ہو چکی ہے، ملک قیوم  پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ثابت نہیں ہوا۔

جواب میں بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف نیب میں کئی مقدمات زیرالتوا ہیں جبکہ این آر او سے ہونے والے نقصانات کا نیب کو علم نہیں۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے 5 اکتوبر 2007 کو قومی مفاہمتی آرڈیننس جاری کیا جسے 16 دسمبر 2009 کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے کراس کے تحت خارج ہونے والے تمام مقدمات دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے سوئس مقدمات کھولنے کے لیے سوئس حکومت کو خط لکھنے کا حکم بھی دیا تاہم  پیپلزپارٹی کی حکومت نے تاخیری حربے اختیار کیے اور اس وقت خط لکھا جب پیروی نہ ہو سکنے کی وجہ سے مقدمات ختم ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں