وادی نیلم میں 13 مئی کو ٹوٹنے والا پل دوبارہ تعمیر

وادی نیلم میں 13 مئی کو ٹوٹنے والا پل دوبارہ تعمیر|humnews.pk

مظفرآباد: وادی نیلم میں جاگراں کٹن نالے  پر تین ماہ قبل ٹوٹنے والے پل کو دوبارہ تعمیر کر دیا گیا ہے، 11 سے زائد نوجوانوں کی جان لینے والا خستہ حال پل ایک بار پھر لکڑی کے کمزور تختوں سے ہی تعمیر کیا گیا ہے۔

13 مئی کو یہ پل ٹوٹنے کے باعث ملک کے مختلف علاقوں سے آئے درجنوں طالب علم نالے میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 13 کو زندہ بچا لیا گیا تھا لیکن باقی بپھرے نالے کی تیز موجوں کی نذر ہوگئے تھے، نالے کا بہاؤ غیر معمولی حد تک تیز ہونے کے باعث کچھ طالب علموں کی لاشیں ایک ماہ بعد نوسیری ڈیم سے ملی تھیں۔

حادثے کا شکار سیاحوں کا تعلق فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا جو اپنی جامعات کی طرف سے تفریحی دورے پر آزاد کشمیر آئے تھے۔

اس افسوس ناک واقعہ کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت اعلیٰ  حکام نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا، پل ٹوٹنے سے نالے کی دوسری جانب کے دیہات کا زمینی رابطہ منقطع  ہو گیا تھا اور ملحقہ دیہات کے عوام کو گھنٹوں پیدل سفر طے کرنا پڑ رہا تھا۔

محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ  ہائی ویز نے حال ہی میں اس مقام پر نیا پل تو تعمیر کیا ہے لیکن اس بار بھی اس کی تعمیر میں  لوہے کے بجائے لکڑی کے تختے لگائے گئے ہیں جن کے باعث 13 مئی جیسا دل دہلا دینے والا واقعہ دوبارہ ہونے کے خدشات موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں