پی سی بی ایوارڈز نوجوان کھلاڑی لے اڑے

پی سی بی ایوارڈز کی تقریب میں نوجون کھلاڑی چھا گئے


کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں فہیم اشرف اور بابراعظم سمیت دیگر نوجوان کھلاڑی تمام ایوارڈز لے اڑے۔

تقریب کراچی کی ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ سابق کرکٹرز اور فن کاروں نے بھی شرکت کی۔

تینوں فارمیٹس میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد  کو ‘اسپرٹ آف دی کرکٹ’ کے خصوصی ایوارڈ اور 10 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔

ٹیم کے جارح مزاج  اوپننگ بلے باز فخر زمان کو ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے اور اسی فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری بنانے پر ‘اسپیشل ایوارڈ برائے غیر معمولی کارکردگی’ اور 25 لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔

ٹیسٹ میچز میں شاندار گیند بازی کرنے والے محمد عباس، جنہوں نے سال 2016 میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، کو سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔

ایک روزہ میچز کے لیے یہ ایوارڈ حسن علی جبکہ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں بابر اعظم کے نام  رہا۔

ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ  فہیم اشرف کو ملا،  انہوں نے دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد بار ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

مردوں کی طرح خواتین کھلاڑی بھی اس تقریب کا حصہ تھیں، خواتین کرکٹ میں بہترین ایک روزہ کھلاڑی کا ایوارڈ سابقہ کپتان ثنا میر نے اپنے نام کیا، ٹی ٹوینٹی میں یہ ایوارڈ جویریہ خان کو ملا جبکہ ڈیانا بیگ سال  کی بہترین ایمرجنگ پلیئر قرار پائیں۔


متعلقہ خبریں