کے پی اور پنجاب کے گورنرز کا مستعفی ہونے پر غور


اسلام آباد: عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تعینات مسلم لیگ نون کے گورنرز نے مستعفی ہونے پر غور شروع  کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اپنے قریبی ساتھیوں اور نون لیگی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں، انہوں نے اس حوالے سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گورنرز جمعرات کو اڈیالہ جیل میں پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے بعد گورنرشپ فوری چھوڑنے یا  نئے ارکان اسمبلی کی حلف برداری تک انتظار کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا کے قبل از وقت استعفیٰ سے آئینی بحران کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ ان کے استعفیٰ دینے کے بعد ممکنہ قائم مقام  گورنر اسپیکر اسد قیصر نے خود قومی اسمبلی کے ممبر کی حیثیت سے حلف اٹھانا ہے جبکہ متبادل کے طور پر ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ بھی خالی پڑا ہے۔

اس سے قبل صوبہ سندھ کے گورنر محمد زبیر نے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ چونکہ نون لیگ انتخابات ہار گئی ہے اس لیے نئی حکومت کو اپنا  گورنر مقرر کرنے کا حق حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں