عیدقرباں: کوئٹہ کی مویشی منڈی میں قیمتیں آسمانوں پر

کوئٹہ کی مویشی منڈی میں ریٹ آسمانوں پر | urduhumnews.wpengine.com

کوئٹہ: عید قرباں کے لیے ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری شروع  ہو گئی ہے، ملتان ہو یا حیدرآباد، لاہور ،کراچی ،پشاور، کوئٹہ ہو یا اسلام آباد، عید سے قبل مویشی منڈیوں میں گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔ یہی حال بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا بھی ہے جہاں مویشی منڈی تو سج گئی ہے البتہ جانوروں کے نرخ آسمان کو چھوتے محسوس ہو رہے ہیں۔

کوئٹہ میں ہر سال مشرقی بائی پاس، مغربی بائی پاس، عالمو چوک، کنواری روڈ، سمنگلی روڈ اور سپی روڈ سمیت مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں لگائی جاتی ہیں۔

اس سال مویشی منڈیوں میں ملک کے مختلف علاقوں سے پہاڑی، بربری، ترکی، کجلہ، شنواری اور دیسی بکرے لائے گئے ہیں جو مویشی منڈیوں میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ کی مویشی منڈی میں بربری بکروں کا جوڑا 55 سے 60 ہزار، ترکی دمبوں کا جوڑا 60 سے 70 ہزار اور شنواری دمبوں کا جوڑا 80 سے 90 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ہم نیوز کی جانب سے کوئٹہ کی مویشی منڈیوں کا جائزہ لیا گیا جس میں واضح ہوا کہ عید قرباں سے قبل ہی قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان کو چھوتی نظر آرہی ہیں جو سفید پوش افراد کے لیے سنت ابرا ہیمی کی ادائیگی مشکل بنا رہی ہیں۔

مویشیوں کے بیوپاریوں کا مؤقف ہے کہ وہ قربانی کے جانور دوسرے علاقوں سے کوئٹہ فروخت کے لیے لاتے ہیں جہاں انہیں باربرداری کے علاوہ منڈیوں کا کرایہ بھی دینا پڑتا ہے۔ ایسے میں قیمتیں کم کرنا ان کے لیے کسی بڑے نقصان سے کم نہیں۔

شہریوں کا مؤقف ہے کہ جانوروں کی قیمتیں قابو میں رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ نمود و نمائش کے بجائے اس کو دینی فریضہ سمجھا جائے اورحکومت جانوروں کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دے۔

 


متعلقہ خبریں