پشاور: دھاندلی کے خلاف احتجاج کے باعث اہم شاہراہیں بند

پشاور: دھاندلی کے خلاف احتجاج کے باعث اہم شاہراہیں بند | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خیبرپختونخوا دفتر کے سامنے حزب اختلاف کی جماعتیں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں جس کے سبب ورسک روڈ ، خیبر روڈ اور یونیورسٹی روڈ کو بند کردیا گیا ہے۔

پشاور کی اہم شاہراہیں بند ہونے کے سبب شہر میں بدترین ٹریفک جام ہے اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

جمعرات کے روز اعلان کردہ وقت پر اپوزیشن جماعتوں کے کارکن الیکشن کمیشن دفتر کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے تو پولیس کی جانب سے مظاہرین کو صرف ایک گھنٹہ احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی۔

حکام نے کی جانب سے مظاہرین کو دفتر سے دور رہنے، پر امن احتجاج اور روڈ  بند نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی۔

احتجاج سے قبل ہی الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر کی جانب جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ احتجاج میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے)، عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں