ایاز صادق اورپرویز خٹک کے خلاف فیصلہ محفوظ


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سابق وزیراعلی پرویز خٹک کے خلاف مقدمات کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس کی سماعت ہوئی توان کی جانب سے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ پیش ہوئے جنہوں نے کہا کہ میں ایاز صادق کی طرف سے معافی مانگتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان  نے اس موقع پر کہا کہ ایاز صادق اس دن ہمیں اوقات دکھارہے تھے، آج ایاز صادق دیکھ لیں کہ ان کی کیا اوقات ہے؟

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پرکمرہ عدالت میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان کی وڈیو چلا ئی گئی۔

سردار ایاز صادق کے وکیل کامران مرتضیٰ نے اس موقع پرکہا کہ ضابطہ اخلاق انسان کے اندربھی ہونا چاہیے، ووٹ دینا سب کا حق ہے۔

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکیس کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے حکم پر ان کے معافی والے بیان کی وڈیو دکھائی گئی۔

سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل اپنے بیان میں معافی مانگ چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اورسابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف مقدمات کے فیصلے محفوظ کر لیے۔

سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک نے بعد ازاں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تقریر پیپلزپارٹی کے خلاف نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مخالف امیدوار ووٹ خرید رہا تھا۔

نو منتخب رکن قومی اسمبلی پرویز خٹک نے کہا کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں اور تمام معاملات پر ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے لیے پیش ہیں، خود خان صاحب نیب پشاور میں پیش ہوئے ہیں۔

کے پی کے لیے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان کو سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بہترین انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اوپر کرپشن چارجز نہیں ہیں اورنہ ہی ان پر عدالت میں کوئی مقدمہ ہے۔


متعلقہ خبریں