جشن آزادی کے لیے سکھ برادری کا جوش و خروش عروج پر

پاکستان کا جشن آزادی، سکھ برادری کی بھرپور تیاریاں|humnews.pk

پشاور: جشن آزادی صرف پاکستان کی اکثریت ہی نہیں بلکہ اقلیت بھی بھر پور طریقے سے مناتی ہے کیونکہ یہ ہر پاکستانی کے لیے انگریزوں کی غلامی سے نجات کا دن ہے، اسی لیے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں برس بھی پشاور میں سکھ برادری کی جانب سے جشن آزادی کی تیاریاں جوش وخروش سے جاری ہیں۔

اگست  کا مہینہ آتے ہی پشاور میں جشن آزادی کی رونقیں شروع ہو چکی ہیں اور ان میں اقلیتی برادری کے بچے اور بڑے بھی پیش پیش ہیں، سکھ نوجوانوں اور بچوں نے گورمکھی دھارمک اسکول کو سبز ہلالی جھنڈیوں سے سجا دیا ہے جبکہ اپنی سرزمین سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے قومی نغمے گانے کا سلسلہ جاری ہے۔

’ہم نیوز‘ کی ٹیم جب اسکول میں جشن آزادی کی تیاریوں کی کوریج کے لیے پہنچی تو ایک طالب علم  نے اپنی سریلی آواز میں قومی نغمہ ’میرے وطن یہ عقیدتیں‘  گا کر وطن سے اپنی بے پایاں محبت و الفت  کا اظہار بھی کیا۔

سکھ  برادری سے تعلق رکھنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ گورونانک کے جنم استھان یعنی پاکستان میں اپنی پیدائش کو خوش نصیی سمجھتے ہیں، اس پاک سرزمین نے انہیں مذہبی آزادی ہی نہیں بلکہ شناخت بھی دی  ہے اس لیے وہ اپنے ملک سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

پشاور کے گورمکھی دھارمک اسکول کے استاد بلبیر سنگھ  نے ’ہم نیوز‘  سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گورونانک کی دھرتی ہے اور ہم یہاں رہتے ہیں اس لیے پاکستان سکھ  برادری کا  دل بھی ہے اور جان بھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم  ہیں پاکستان اور ہم سے ہے پاکستا ن کی پہچان، پاکستان زندہ باد، ہم  پرارتھنا کرتے ہیں کہ بھگوان اس پوتر دھرتی کو ہمیشہ سلامت رکھے۔

سکھ برادری کا یہ جذبہ اور پاکستان سے محبت کا اظہاراس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے تمام بنیادی اور مذہبی حقوق حاصل ہیں اور وہ یہاں نہایت سکون اور سکھ  بھری زندگی گزار رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں