حسین لوائی کو دل کا دورہ، اسپتال منتقل


کراچی:  منی لانڈرنگ کیس کے ملزم اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو دل کا دورہ پڑا ہے جس کے بعد انہیں فوری طور پر قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) منتقل کردیا گیا ہے۔

حسین لوائی کے وکیل ایڈووکیٹ شوکت حیات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے موکل کے لیے پہلے ہی ڈاکٹر کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے حکام کی جانب سے فی الحال حسین لوائی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ امراض قلب کے اسپتال کے ڈاکٹرز نے حسین لوائی کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا ہے جہاں ان کا علاج ہو رہا ہے، ڈاکٹر اس بات کی تصدیق نہیں کر رہے کہ حسین لوائی کو کب تک اسپتال میں رکھنا ہے۔

این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حسین لوائی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ انہیں نگہداشت کے لیے مزید اسپتال میں رکھنا ہے یا نہیں۔

حسین لوائی کو ایف آئی اے نے مختلف بینک اکاؤنٹس کھولنے اور ان میں غیرقانونی رقم کی منتقلی سے متعلق سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیا تھا، 72 سالہ حسین لوائی کو ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے امراض لاحق ہیں۔

حسین لوائی کی علالت کے بعد جمعرات کو بینکنگ کورٹ میں ان کی ضمانت کی درخواست پر تفتیشی افسر نے دلائل دینے کے بجائے مزید مہلت طلب کر لی تھی۔


متعلقہ خبریں