حکومت سازی میں خیبرپختونخوا بازی لے گیا

kpk assembly

پشاور: حکومت سازی کے عمل میں خیبرپختونخوا بازی لے گیا ہے اور وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے بعد نئی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

گورنرہاؤس خیبرپختونخوا سے جاری اعلامیہ کے مطابق نومنتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کی صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں نئے ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد قائد ایوان، اسپیکر اورڈپٹی اسپیکرکا انتخاب ہو گا۔

گورنر خیبرپختونخوا کی طرف سے حلف برداری سے قبل مستعفی نہ ہونے کے فیصلے کے بعد صوبے میں ائینی بحران کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

اس سے پہلے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تعینات مسلم لیگ نون کے گورنروں نے مستعفی ہونے پر غور شروع  کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے ناصرف اپنے قریبی ساتھیوں اور نون لیگی رہنماؤں کے ساتھ  مشاورت شروع کر دی تھی بلکہ اس حوالے سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے بھی رابطہ کیا تھا۔

گورنر خیبرپختونخوا کے قبل از وقت استعفیٰ سے آئینی بحران کا خدشہ تھا کیونکہ ان کے استعفیٰ دینے کے بعد ممکنہ قائم مقام  گورنر، اسپیکر اسد قیصر نے خود قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانا ہے جبکہ متبادل کے طور پر ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ بھی خالی ہے۔


متعلقہ خبریں