الیکشن کی جانچ پڑتال قانون کے تحت کی جائے، شفقت محمود


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے  رہنما شفقت محمود  نے کہا  ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کو الیکشن کی جانچ  پڑتال سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن یہ کام  قانون اور اصول کے مطابق ہونا چاہیے۔

’ہم نیوز‘ کے پروگرام  ’نیوزلائن‘ میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت میں جو لوگ شامل ہو رہے ہیں وہ پی ٹی آئی کے ایجنڈے پر ہی آ رہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حکومت میں شامل ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ ان کا ایجنڈا کراچی ہے، وہ کراچی کے حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگراصول بنا لیے جائیں تو چیزیں بہتری کی طرف جاتی ہیں، اس لیے انتخابی نتائج کی جانچ پڑتال بھی قاعدے اور قانون کے تحت ہونی چاہیے۔

جہانگیر ترین کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ان کے پاس پارٹی عہدہ نہیں کیونکہ نااہل ہونے والا  شخص  کوئی عہدہ رکھ  سکتا ہے نہ  الیکشن لڑ سکتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی نااہل ہو جائے تو اس کا کسی سے ملنے جلنے یا بات چیت کا حق بھی ختم ہو جائے۔

پروگرام میں شریک نون لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ  محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اتنی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جتنا مسلم لیگ نون نے کیا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ظلم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی طرح دھرنا نہیں دے گی، وہ اس دھرنے کے سخت مخالف ہیں کیونکہ ان سب معاملات نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کل جن لوگوں کو تحریک انصاف نے برا بھلا کہا آج انہی کے ساتھ  اتحاد کر لیا، وہ جس اخلاقی برتری کی بات کیا کرتے تھے، وہ اب ختم ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں