نون لیگ کے صوبائی گورنروں کا مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ


پشاور: نون لیگ سے تعلق رکھنے والے پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے گورنروں نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی حکومت آنے تک کام  جاری رکھیں گے اور اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے اس سلسلے میں دیگر دو گورنروں کے ساتھ  مشاورت کی جس کے بعد تینوں نے گورنر ہاؤس نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل ظفر اقبال جھگڑا نے نون لیگ کی اعلیٰ قیادت اور اپنے قریبی ساتھیوں سے بات کرنے کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ آئین کے تحت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے اور منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے بعد مستعفی ہوں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے قابل اعتماد ساتھیوں نے انہیں فی الحال نوازشریف کے ساتھ  ملاقات سے بھی منع کیا ہے۔

اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ اقبال ظفر جھگڑا اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں، گورنر سندھ محمد زبیر پہلے ہی صدر مملکت ممنون حسین کو اپنا استعفیٰ پیش کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں